پنجاب میں دفعہ 144 کا نفاذ صوبائی حکومت کا اختیار ہے، چیف الیکشن کمشنر

Published On 14 March,2023 06:08 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا ہے کہ پنجاب میں دفعہ 144 کا نفاذ صوبائی حکومت کا اختیار ہے۔

صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سکندر سلطان راجہ کا کہنا تھا کہ پنجاب اور کے پی میں صوبائی الیکشن کے انعقاد کے حوالے سے اہم اجلاس ہوئے، چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب نے امن و امان کی صورتحال پر خدشات کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں: دفعہ 144 کا نفاذ، پنجاب حکومت سے جلسوں کی حکمت عملی بارے رپورٹ طلب

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ گورنر خیبر پختونخواہ سے انتہائی سازگار ماحول میں ملاقات ہوئی، گورنر کے پی کو کہا ہے کہ الیکشن ڈے کے حوالے سے وہ تحریری طور پر آگاہ کریں، خیبرپختونخوا میں بھی شدید سکیورٹی خدشات کا اظہار کیا گیا۔

سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 218 میں صاف، شفاف اور پرامن انتخابات کرانے کا ذکر ہے، انتخابات کا پُر امن انعقاد ہونا انتہائی ضروری ہے، سکیورٹی اداروں سے ملاقاتیں ہوئیں، ہم نے پولیس کے علاوہ 3 لاکھ 53 ہزار اضافی نفری مانگی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں سرکاری گندم اور آٹے پر سبسڈی ختم کرنے کا فیصلہ

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ سکیورٹی اداروں نے کوئیک ریسپانس فورس دینے کاعندیہ دیا ہے، دہشت گردی کے خطرات کے پیش نظر عام انتخابات کیلئے شاید کوئیک ریسپانس فورس دستیاب نہ ہو۔

سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ سکیورٹی اداروں نے موجودہ حالات میں دونوں صوبوں میں دہشت گردی کے واقعات کا خدشہ ظاہر کیا ہے، سپریم کورٹ کے حکم پر دونوں صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کرانے کے پابند ہیں۔
 

Advertisement