رمضان میں غریب طبقے کے مسائل کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، وزیراعظم

Published On 17 March,2023 09:40 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ رمضان المبارک میں غریب و متوسط طبقے کے مسائل کو کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت رمضان المبارک کے دوران اسلام آباد کے عوام کو ریلیف کی فراہمی کے حوالے سے اجلاس ہوا، شرکاء سے گفتگو میں وزیراعظم نے کہا کہ مہنگائی کے دور میں حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے۔

خیال رہے کہ وزیر اعظم کی جانب سے اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری کے 1 لاکھ 85 ہزار مستحق خاندانوں کیلئے مفت آٹے کا تحفہ 18 مارچ 2023ء سے حاصل کیا جا سکے گا، مستحق افراد مفت آٹا اسلام آباد میں یوٹیلٹی سٹورز کے 40 پوائنٹس سے حاصل کر سکیں گے۔

مستحق افراد کا ڈیٹا بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے منسلک ہوگا، مستحق افراد بی آئی ایس پی پروگرام کے نمبر8717 پر شناختی کارڈ نمبر بھیج کر اپنی اہلیت جانچ سکتے ہیں۔

Advertisement