اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان میں گزشتہ روز ہولناک زلزلے کے بعد کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے بلند وبالا عمارتوں اور کمرشل پلازوں کے معائنے کا فیصلہ کر لیا۔
چیئرمین سی ڈی اے کی ہدایت پر عمارتوں کا سروے ہو گا جس میں بلند و بالا رہائشی و کمرشل عمارتوں کی ساخت اور تعمیرات کا جائزہ لیا جائے گا۔
سی ڈی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر بلڈنگ کنٹرول کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق عمارتوں کے مالکان اور ڈویلپرز کی تھرڈ پارٹی جانچ پڑتال کی جانی چاہیے، سٹرکچر کی جانچ سے قدرتی آفات اور حادثات کے نتیجہ میں جانی نقصانات کا تحفظ ممکن بنایا جاسکے گا، شہریوں کو عمارتوں کی ساخت اور تعمیرات سے متعلق آگاہی فراہم کی جائے۔
ذرائع کے مطابق شہر اقتدار کی بیشتر عمارتوں کے پاس عمارتوں کا تکمیلی سرٹیفکیٹ ہی نہیں، اسلام آباد کے دیہاتی علاقوں اور ایچ 13 میں بے شمار عمارتیں بلڈنگ کنٹرول کی منظوری کے بغیر کھڑی ہو چکی ہیں، ماضی میں مارگلہ ٹاورز کی منہدم عمارت کے پاس بھی تکمیلی سرٹیفکیٹ نہیں تھا۔