کراچی: (دنیا نیوز) وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ آج کے خطاب سے لگ رہا تھا کہ عمران خان شدید خوف زدہ ہیں۔
اپنے ایک بیان میں پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ عمران خان ہالی ووڈ کی فلمیں دیکھ کر مفروضوں پر بیانات دینا بند کریں، لگتا ہے عمران خان کے ذہن پر جادو ٹونے کا زیادہ اثر ہو گیا ہے۔
شرجیل میمن نے کہا عمران خان آج اپنے خطاب میں بہکی بہکی باتیں کر رہے تھے، اس سے لگ رہا تھا کہ عمران خان شدید خوف میں مبتلا ہیں، تعجب سمجھیں یا حسن اتفاق بیرونی ممالک کے لابسٹ جو کہ عمران خان کے پے رول پر ہیں۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا غیر ملکیوں کی جانب سے عمران خان کے حق میں بیانات کو پاکستان کی خود مختاری میں مداخلت سمجھتے ہیں، عمران خان کان کھول کر سن لیں پاکستان کی حکومت لابنگ فرم اور بیرونی دباؤ میں نہیں آئے گی۔