لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پنجاب اور اسلام آباد میں پولیس تمام قوانین توڑ رہی ہے، بس بہت ہو گیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں عمران خان نے کہا کہ اظہر مشوانی کو آج سہ پہر لاہور سے اغوا کیا گیا ان کا پتہ نہیں چل سکا، 18 مارچ کو شبلی فراز اور عمر سلطان کو پولیس نے زدوکوب کیا تھا۔
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) March 23, 2023
چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ حسان نیازی کو ضمانت ملنے کے بعد اغوا کر لیا گیا، بعد میں ان پر جھوٹی ایف آئی آر درج کر کے ان پر الزام لگایا گیا، آئی جی پنجاب اور اسلام آباد پولیس اس مجرمانہ رویے میں ملوث ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں، تحریک انصاف نےعالمی تنظیموں کو تفصیلات بھجوا دیں
عمران خان نے کہا کہ تمام افسران کی تصاویر عالمی تنظیموں کو بھیج رہا ہوں تاکہ غیر قانونی توڑ پھوڑ اور سیاسی رہنماؤں کے خلاف تشدد میں ملوث افراد کی شناخت کر سکیں۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ پی ٹی آئی کے غیر مسلح کارکن اظہر مشوانی کو فوری رہا کیا جائے۔