لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان آج اسلام آباد کی عدالت میں پیش ہوں گے۔
سابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں اسلام آباد عدالت پیشی کے معاملے پر مشاورت کی گئی، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پارٹی قیادت اور لیگل ٹیم سے تفصیلی مشاورت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عمران خان عدالت میں پیش ہونے کیلئے اسلام آباد جائیں گے، اس مقصد کیلئے فواد چودھری لیگل ٹیم کے ہمراہ اسلام آباد روانہ ہو گئے، مرکزی قیادت بھی اسلام آباد پہنچے گی۔
یہ بھی پڑھیں: انتخابات کی تیاریوں کیلئے عمران خان نے پارٹی الیکشن سیل قائم کر دیا
عمران خان جوڈیشل کمپلیکس میں توڑ پھوڑ پر بنائے گئے مقدمات کے حوالے سے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کریں گے، سابق وزیر اعظم 5 مقدمات میں عبوری ضمانت حاصل کرنے کیلئے اسلام آباد روانہ ہوں گے۔
دوسری جانب ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ عمران خان کی پیشی کے حوالے سے کوئی اطلاع نہیں کی گئی، پولیس عدالتی احکامات کی روشنی میں ہی سکیورٹی انتظامات کرے گی۔
ترجمان نے کہا عدالت کے احاطے میں صرف متعلقہ اشخاص کو داخلے کی اجازت دی جائے گی، ماضی کے طرز عمل کو اپنایا گیا تو تمام قانونی طریقے بروئے کار لائے جائیں گے، قانون کی مکمل عملداری برابری کی سطح پر عمل میں لائی جائے گی۔