اسٹیبلشمنٹ نے کہا کہ عمران خان کو لائے لیکن نکمے تھے ملک نہیں چلا سکے: اسعد محمود

Published On 27 March,2023 07:53 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ نے کہا کہ عمران خان کو ہم لائے لیکن نکمے تھے ملک نہیں چلا سکے۔

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے اظہار خیال کرتے ہوئے اسعد محمود نے کہا کہ یہاں پر محترمہ بینظیر بھٹو کو شہید کیا جاتا ہے، پارلیمنٹیرینز کو شہید کیا گیا، نام نہاد انسانی حقوق کی تنظیمیں عمران خان کیلئے میدان میں آجاتی ہیں، کہتی ہیں ہمیں تشویش ہے، 75 ہزار قربانیاں دی گئیں اور یہ تنظیم ایف نائن پارک میں مجرے کر رہی تھی، زمان پارک میں دو فیصلے ہوئے۔

وفاقی وزیر اسعد محمود نے کہا کہ پارلیمنٹ لاجز میں ہمارے ایم این ایز کو گرفتار کیا گیا تو ہم نے گرفتاری دینے کا فیصلہ کیا، ہم عالمی ایجنٹوں کو پاکستان میں چلنے نہیں دیں گے، آئین لکھنے کی اجازت سپریم کورٹ کو نہیں ہے، جناب سپیکر آپ ججز کو بلائیں، کبھی کہا گیا کہ پارٹی لیڈر کا فیصلہ حتمی ہوتا ہے، کبھی کہا گیا کہ پارلیمانی لیڈر کا فیصلہ حتمی ہوتا ہے۔

اسعد محمود کا مزید کہنا تھا کہ علی وزیر کو جیل بھیجا گیا، ہم الیکشن کمیشن، سپریم کورٹ کے ڈومین میں مداخلت نہیں کرتے، سپریم کورٹ کا کام انصاف دینا ہے مداخلت کرنا نہیں، اگر آرمی چیف کو کمیٹی میں طلب کیا جا سکتا ہے تو سپریم کورٹ کے جج کو بھی طلب کیا جا سکتا ہے، جنہوں نے معاشی بحران پیدا کیا سب ان کو جانتے ہیں، امریکی سازش کا بیانیہ رچایا گیا، پارلیمنٹ کو توڑا گیا۔

انہوں نے کہا کہ صدر نے ایڈوائس پر دستخط کیے، جو امریکہ ان کی حکومت کو گرانا چاہتا تھا آج وہاں کمپنیاں ہائر کی جا رہی ہیں، جس حکومت کو امریکی آشیرباد حاصل ہو ایسی حکومت پر لعنت بھیجتا ہوں، خاطر جمع رکھیں ہم نے آپ کی حکومت کو گرایا، جو آپ کے حق میں ٹویٹ کرتا ہے آپ کو کوئی فائدہ نہیں پہنچا سکتا یہاں پر کوئی اسرائیل نواز حکومت نہیں آسکتی۔
 

Advertisement