اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ختم ہو گیا، کابینہ نے عدالتی اصلاحات کے قانون سازی کے مسودہ کی منظوری دے دی۔
عدالتی اصلاحات کے لیے بل کچھ دیر بعد قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا، بل میں تجویز دی گئی ہے کہ سپریم کورٹ کے تین سینئر ترین جج از خود نوٹس کا فیصلہ کریں گے۔
بل میں از خود نوٹس کے فیصلے پر 30 دن کے اندر اپیل دائر کرنے کا حق دینے کی تجویز دی گئی ہے، اپیل دائر ہونے کے 14 روز کے اندر سماعت کیلئے مقرر کرنا ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: حکومتی قانونی ٹیم کی شہباز شریف کو انتخابات کیس کی سماعت بارے بریفنگ
قبل ازیں وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ اجلاس میں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے مجوزہ قانون سازی پر بریفنگ دی، وزیر قانون نے اعلیٰ عدلیہ کے بے پناہ اختیارات کو محدود کرنے کی تجویز دی۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کے ارکان نے قومی اسمبلی اجلاس میں وزیراعظم کے خطاب پر خراج تحسین پیش کیا، کابینہ ارکان نے کہا کہ وزیر اعظم نے عوامی امنگوں کی درست ترجمانی کی، اس موقع پر وفاقی کابینہ ارکان نے پارلیمنٹ کی مضبوطی اور بالادستی کے عزم کا اعادہ کیا۔