میرپور: (دنیا نیوز) وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے ضلع بھمبر میں " کلری " اور ضلع میر پور میں " کھڑی " کو تحصیلوں کا درجہ دینے کا اعلان کر دیا۔
وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے میرپور میں تعلیمی بورڈ کے پوزیشن ہولڈرز کی تقریب میں شرکت کی، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرے دور حکومت میں جتنے کام ہوئے کسی حکومت میں نہیں ہوئے۔
سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ آزاد کشمیر میں کچھ حلقے تبدیل کرنا پڑیں گے، ضلع بھمبر میں " کلری " اور ضلع میرپور میں " کھڑی " کو تحصیل کا درجہ دینے کا اعلان کرتا ہوں۔
یہ بھی پڑھیں: چیئرمین سینیٹ نے سپریم کورٹ رولز اینڈ پروسیجر بل صدر مملکت کو ارسال کردیا
وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ پچھلی حکومتوں میں سیکنڈ ہینڈ مشینوں کو نیا کر کے بل وصول کئے گئے، برہان وانی شہید کے نام سے ہیلتھ سینٹر کھول رہے ہیں، اس کے علاوہ خاتون سمیت 10 ایس پیز کو پروموٹ کر کے مختلف علاقوں میں لگائیں گے، پچھلی حکومت نے میرٹ سے ہٹ کر بھرتیاں کیں جو قابل مذمت ہے۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتسان اور مظفر آباد بس سروس شروع کر کے دوریاں ختم کرنے کی کوشش کی، سیالکوٹ ائیر پورٹ کے مالکان نے کہا ہے ائیر پورٹ بنائیں ہم آپ کے ساتھ ہیں، بلدیاتی الیکشن 31 سال بعد کروا کے لوگوں کو اقتدار منتقل کیا، بلدیاتی انتخابات کے دوران پورے آزاد کشمیر میں کوئی بڑا واقعہ پیش نہیں آیا۔
یہ بھی پڑھیں: بینچ سے فرق نہیں پڑتا، الیکشن آئین کے مطابق ہوں گے یا نہیں؟: عمران خان
سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ جی 20 اس وقت ہندوستان کروا رہا ہے اور ہم کیا کر رہے ہیں، پاکستان ہمارا ایمان ہے، آزاد کشمیر کے 8 اضلاع میں پاکستان کے بڑے جھنڈے لگائے ہیں۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ فلور کراسنگ آزاد کشمیر میں جو کرنا چاہ رہے ہیں ان کو خبردار کرتا ہوں، سپیکر اسمبلی تحریک انصاف کے ہیں لیکن وہ گروپ بنانے میں مصروف ہیں۔