لاہور : ( دنیا نیوز ) سپریم کورٹ کی جانب سے پنجاب میں 14 مئی کو انتخابات کے فیصلے کے بعد کی حکمت عملی پر غور کیلئے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کا مشاورتی اجلاس آج طلب کرلیا گیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں عدالتی فیصلے کے بعد کی صورتحال پر مشاورت ہوگی جبکہ تحریک انصاف انتخابات کے حوالے سے اپنی حکمت عملی پر بھی غور کرے گی۔
اجلاس کے شرکا آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے تجاویز دیں گے اور انتخابی مہم سمیت دیگر معاملات بھی زیر بحث آئیں گے۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کے التوا سے متعلق کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے پنجاب میں 14 مئی کو انتخابات کروانے کا حکم دے دیا ہے۔