نگران وزیر اعلیٰ فیصل آباد پہنچ گئے، الائیڈ ہسپتال اور مفت آٹا سنٹرز کے دورے

Published On 04 April,2023 05:46 pm

فیصل آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی فیصل آباد پہنچ گئے، مفت آٹا سنٹرز اور الائیڈ ہسپتال کا دورہ کیا۔

محسن رضا نقوی نے کوآپریٹو ٹریننگ کالج، ہاکی سٹیڈیم اور اقبال سٹیڈیم میں قائم مفت آٹا کے3 سنٹرز کے دورے کئے، نگران وزیر اعلیٰ نے سنٹرز پر شہریوں کیلئے کئے گئے انتظامات کی تعریف کی، انتظامیہ، پولیس اور دیگر محکموں کے افسروں اور عملے کی کارکردگی کو سراہا۔

اپنے دورے کے دوران نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے سنٹرز پر مرد و خواتین سے گفتگو کی اور آٹے کی فراہمی کے حوالے سے استفسار کیا، بعض شہریوں نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں تصدیق نہ ہونے کے بارے میں شکایات کیں، جس پر عملے کو فوری ازالے کا حکم بھی دیا۔

نگران وزیر اعلیٰ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فری آٹا پیکیج کے تحت پنجاب بھر میں اب تک14 لاکھ 10 ہزار سے زائد تھیلے تقسیم کئے جا چکے ہیں، فیصل آباد ڈویژن میں ایک لاکھ 96 ہزار سے زائد آٹے کے تھیلے تقسیم کئے گئے ہیں، میں خود شہر شہر جا کر مفت آٹا کی فراہمی کے پیکیج کی نگرانی کر رہا ہوں۔

علاوہ ازیں نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے الائیڈ ہسپتال کے دورے کے دوران مریضوں کیلئے طبی سہولتوں کا جائزہ لیا، انہوں نے صفائی انتظامات کا بھی معائنہ کیا، مریضوں اور تیمار داروں نے ہسپتال خصوصاً کچن میں صفائی کے ناقص انتظامات کی شکایات کیں جس پر محسن نقوی نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔

نگران وزیر اعلیٰ نے مختلف وارڈز کا بھی معائنہ کیا اور مریضوں کی عیادت کی، محسن نقوی کی زیر صدارت ہسپتال کے کمیٹی روم میں اجلاس ہوا جس میں انہوں نے ہسپتال میں علاج معالجے کی سہولتوں کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مریضوں کو معیاری علاج معالجہ فراہم کیا جائے۔
 

Advertisement