اسلام آباد: (دنیا نیوز) سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے کہا کہ قوم سپریم کورٹ کیساتھ کھڑی ہے، ہمت ہے تو 3 ججز کیخلاف ریفرنس لائیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اسمبلی قرارداد پاس کرنے جارہی ہے، کل قومی اسمبلی میں صرف 5 ارکان بیٹھے تھے اور قومی اسمبلی بھی سپریم کورٹ کے ماتحت ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام ادارے آئین و قانون کے تابع ہیں، یہ الیکشن میں جانے، عوام کو شکل دکھانے کے قابل نہیں، الیکشن کا شیڈول آ گیا ہے، اگرہمت ہے تو 3 ججز کےخلاف ریفرنس لائیں جبکہ مریم نواز، بلاول بھٹو ریفرنس لانا چاہتے ہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ ان کی پارٹی کے لوگ ریفرنس لانا نہیں چاہتے، پوری قوم سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑی ہے اور ن لیگ کےعلاوہ کسی نے کاغذات جمع نہیں کرائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 13 میں سے10 پارٹیز کے پاس امیدوار ہی نہیں ہیں، حکومت کی بے وقوفیوں سےعمران خان مزید مقبول ہو گیا اور ملک میں الیکشن کی تیاری ہے، حکومت فراری ہے۔