لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب میں پی ٹی آئی رہنماؤں پر مقدمات کی تفتیش کے معاملے پر جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور دیگر رہنماؤں کو تیسری بار طلب کر لیا۔
عمران خان اور دیگر رہنماؤں کو آج 12 بجے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کے روبرو پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے، اب تک صرف اسد عمر نے جے آئی ٹی کو بیان ریکارڈ کروایا ہے۔
عمران خان کے علاوہ جن پی ٹی آئی کے رہنماؤں کو جے آئی ٹی نے تیسری بار طلب کیا ہے ان میں فواد چودھری، حماد اظہر، اعجاز چودھری، مسرت جمشید چیمہ، فرخ حبیب، میاں محمود الرشید، میاں اسلم اقبال اور ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت دیگر رہنما شامل ہیں۔
جے آئی ٹی تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف مختلف تھانوں میں درج ہنگامہ آرائی، توڑ پھوڑ اور پولیس پر تشدد کے مقدمات کی تفتیش کر رہی ہے۔
جے آئی ٹی نے دو روز قبل 5 اپریل کو بھی سابق وزیراعظم عمران خان سمیت دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کو طلب کیا تھا تاہم چیئرمین پی ٹی آئی اور دیگر رہنما پیش نہیں ہوئے تھے۔
جے آئی ٹی کی طرف سے پہلی دفعہ بلانے پر صرف اسد عمر نے اپنا بیان ریکارڈ کروایا تھا، ان کے علاوہ پی ٹی آئی کا کوئی رہنما پیش نہیں ہوا تھا۔