عمران خان کیخلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت 11 اپریل تک ملتوی

Published On 08 April,2023 08:26 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج نے عمران خان کیخلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت 11 اپریل تک ملتوی کر دی۔

 الیکشن کمیشن کی جانب سے توشہ خانہ کیس کی جلد سماعت مقرر کرنے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

پی ٹی آئی کے جونیئر وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ہمارے کسی سینئر وکیل اور نہ ہی عمران خان کو نوٹس کی تعمیل ہوئی، پولیس کی جانب سے تاحال نوٹس کی تعمیل کی رپورٹ عدالت میں جمع نہیں کرائی جا سکی۔

اس سے قبل ایڈیشنل سیشن جج نے تعمیلی نوٹس کی رپورٹ جمع ہونے تک توشہ خانہ کیس کی سماعت میں وقفہ کیا تھا۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کو توشہ خانہ کیس میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے ذاتی حیثیت میں طلب کر رکھا تھا۔

توشہ خانہ کیس کا پس منظر

سابق وزیراعظم عمران خان کی نااہلی کے لئے دائر کیا جانے والا توشہ خانہ ریفرنس حکمران جماعت کے 5 ارکان قومی اسمبلی کی درخواست پر سپیکر قومی اسمبلی نے الیکشن کمیشن کو بھجوایا تھا۔

ریفرنس میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ عمران خان نے توشہ خانہ سے حاصل ہونے والے تحائف کو فروخت کرکے جو آمدن حاصل کی اسے اثاثوں میں ڈکلیئر نہیں کیا۔

آئین کے آرٹیکل 63 کے تحت دائر کیے جانے والے ریفرنس میں آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت عمران خان کی نااہلی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

کیس کی سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل بیرسٹر علی ظفر نے موقف اپنایا تھا کہ 62 ون ایف کے تحت نااہلی صرف عدلیہ کا اختیار ہے جبکہ سپریم کورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن کوئی عدالت نہیں۔

Advertisement