سیاست کو دشمنی میں بدلنے سے ملک کا سسٹم تباہ ہو جائے گا: دفاع پاکستان کونسل

Published On 08 April,2023 08:53 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) دفاع پاکستان کونسل نے کہا ہے کہ سیاست دانوں کی غلطیوں کا خمیازہ عوام بھگت رہے ہیں، سیاسی و معاشی عدم استحکام پاکستان کی سالمیت کو خطرات سے دوچار کر رہا ہے۔

دفاع پاکستان کونسل کے اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس کے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ہمارے ملک کو اس وقت مختلف چیلنجز درپیش ہیں، بیرونی دشمن کے ساتھ اندرونی سازشیں بھی ملک کو عدم استحکام کا شکار کر رہی ہیں، ہر گزرتے دن کے ساتھ ملک میں سیاسی عدم استحکام بڑھتا جا رہا ہے، اس عدم استحکام کا براہِ راست اثر زندگی کے تمام شعبوں پر منتقل ہو رہا ہے۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ معاشی بدحالی کی وجہ سے ملک کا بچہ بچہ قرضوں میں جکڑا ہوا ہے، چند ارب ڈالر کیلئے آئی ایم ایف ہمیں ناک سے لکیریں نکلوا رہا ہے، دشمن عالمی طاقتیں پاکستان کی کمزور معاشی حالت سے لطف اندوز ہو رہی ہیں، ہمارے ملک کے چند کردار ان کے ہاتھ کا کھلونا بنے ہوئے ہیں، قوموں کی سیاسی و عسکری طاقت ان کی معاشی طاقت پر منحصر ہوتی ہے۔

دفاع پاکستان کونسل نے کہا کہ آزادی و خود مختاری، قومی تشخص، قومی وقار، شخصی خوش حالی اور ملک کی نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کیلئے معیشت بنیادی اہمیت کی حامل ہے، دفاع اور معیشت ساتھ ساتھ چلتے ہیں، خوشحال عوام ہی کسی قوم کی اصل طاقت ہوتی ہے لیکن بدقسمتی سے گزشتہ کچھ برسوں سے ہماری معیشت مسلسل تنزلی کا شکار ہے۔

اعلامیے کے مطابق تمام منفی معاشی اشاروں کے باوجود اگر یہ ملک چل رہا ہے تو اسے اللہ کے خصوصی فضل اور عوامی استقامت کا پھل سمجھنا چاہیے، سیاسی کردار صرف اپنے سیاسی فوائد کے حصول کیلئے مصروف عمل ہیں، انہوں نے ملکی سالمیت داؤ پر لگا رکھی ہے، پروپیگنڈہ اور میڈیاوار کے ذریعے جھوٹ اور فساد پھیلایا جا رہا ہے، جس سے ملک میں انتشاربڑھ رہا ہے۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ آج ملک میں ذاتی سیاست کیلئے ریاست اور پوری قوم کو قربان کیا جا رہا ہے، سیاست فرقہ واریت فساد کی شکل اختیار کر چکی ہے جس کی وجہ سے قوم تقسیم کا شکار ہے، سیاست کو دشمنی کا رنگ دیں گے تو ایسا طوفان برپا ہوگا جو پورے سسٹم کو تباہ و برباد کر دے گا، سوشل میڈیا کے ذریعے منظم پروپیگنڈہ کر کے حقائق کو مسخ کیا جا رہا ہے۔

دفاع پاکستان کونسل نے کہا ہے کہ قوم کی اخلاقی تباہی معاشی تباہی سے بھی خوفناک ہے مگر اس کا ہمیں اداراک نہیں، وطن عزیز کو اپنی بقا، آزادی و خودمختاری، قومی افتخار اور اہم قومی مفادات کے دفاع کا مسئلہ درپیش ہے، ملکی دفاع صرف عسکری دفاع تک محدود نہیں ہے، سیاست دانوں کو صرف اور صرف قوم اور ملک کا مفاد پیش نظر رکھنا چاہیے۔

اعلامیے کے مطابق حالات اب یہاں تک پہنچ چکے ہیں کہ قومی سلامتی کے اداروں سے متعلق عوام میں زہر گھولا جا رہا ہے، ملک کو خدانخواستہ شام اورعراق بنانے کی باتیں کی جا رہی ہیں، ایٹمی اثاثوں پر انگلیاں اٹھائی جا رہی ہیں، بیرونی ملک پاک فوج اور ملکی اداروں کے خلاف گھناؤنی مہم چلائی جا رہی ہے، غیر ملکی ایجنٹ کھلم کھلا پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کر رہے ہیں۔