اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجاد غنی نے دیامر بھاشا ڈیم کا دورہ کیا، جہاں انہوں سائٹ پر ہونے والے حادثے کا جائزہ لیا۔
اپنے دورے کے دوران چیئرمین واپڈا نے سائٹ پر موجود ورکرز سے خطاب کے دوران حادثہ میں قیمتی جانوں کے نقصان پر افسوس کا اظہار کیا اور حادثہ میں زخمی ہونے والے ورکرز میں امدادی چیک بھی تقسیم کئے۔
اس دوران چیئرمین واپڈا نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پراجیکٹ کی تعمیر میں ورکرز کا تحفظ بنیادی اہمیت کا حامل ہے، حادثات سے بچاؤ کیلئے تمام سائٹس پر ورکرز کے تحفظ کیلئے مؤثر اقدامات کئے جائیں، لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجاد غنی نے زیر تعمیر داسوہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا بھی دورہ کیا اور مختلف سائٹس پر تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔
چیئرمین واپڈا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ داسو پراجیکٹ کی دوسری ڈائی ورشن ٹنل اپریل کے وسط تک مکمل ہوگی جبکہ ڈائی ورشن سسٹم کی تکمیل مئی کے وسط میں شیڈول ہے، لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجاد غنی نے ہدایت کی کہ داسو پراجیکٹ پر تعمیراتی کام کو شیڈول کے مطابق مکمل کرنے کیلئے تمام اقدامات کئے جائیں۔