کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کی فلورملوں پر نجی طور پر گندم کی خریداری کرنے پر غیراعلانیہ پابندی عائد کر دی گئی۔
چیئرمین فلورملز ایسوسی ایشن چودھری عامر نے کہا ہے کہ ڈائریکٹر محکمہ خوراک سندھ نجی گندم کی کراچی ترسیل میں رکاوٹ بن گئے ہیں، فلور ملوں کو نجی گندم خریدنے نہیں دی جا رہی، نجی گندم کی عدم دستیابی سے کراچی کی تمام ملیں ڈرائی ہو گئی ہیں۔
چودھری عامر نے کہا کہ ڈائریکٹر خوراک سندھ امداد علی شاہ نے فلور ملوں کو یرغمال بنا دیا ہے، فلور ملیں ڈرائی ہونے سے آٹے کی قیمتوں کا بحران پیدا ہونے کا خدشہ ہے، حکومت تمام نجی گندم خود حاصل کر کے ڈمپ کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مخصوص سٹاکسٹ اب تک نجی گندم کی ایک کروڑ بوریوں کا سٹاک جمع کر چکے ہیں، سٹاکسٹ آئے دن گندم کے ریٹ من مانے انداز میں بڑھا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ محکمہ خوراک سندھ کی تمام نجی گندم ڈمپ کر کے بھتہ خوری شروع کرنا چاہتا ہے۔