لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت نے 3 دنوں میں رمضان مفت آٹا سکیم کے تحت آٹے کے 25 لاکھ تھیلے عوام میں تقسیم کر دئیے۔
رمضان مفت آٹا سکیم کے تحت فی خاندان 3 مفت آٹے کے تھیلے تقسیم کئے جا رہے ہیں، پنجاب مفت آٹا سکیم پورا رمضان المبارک جاری رہے گی، لاہور شہر میں 1 لاکھ 25 ہزار مفت آٹے کے تھیلے فراہم کئے جا چکے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی مفت آٹے کی فراہمی کے عمل کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہے ہیں، انہوں نے پنجاب کے تمام اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز کو عوامی مشکلات دور کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ عوام کو کسی پریشانی، دقت اور مشکل کے بغیر مفت آٹے کی فراہمی یقینی بنائی جائے، انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ عوام کی بڑی تعداد کو دیکھتے ہوئے ضلعی انتظامیہ مناسب انتظامات کو یقینی بنائے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ وفاق اور پنجاب حکومت مفت آٹے کی فراہمی پر 53 ارب روپے کی سبسڈی دے رہے ہیں، رمضان مفت آٹا سکیم کے تحت عوام میں 4 کروڑ 70 لاکھ آٹے کے مفت تھیلے تقسیم کئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ 60 ہزار سے کم آمدن والے ہر خاندان کو مفت آٹے کے تین تھیلے دئیے جا رہے ہیں، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹرڈ افراد بھی مفت آٹے کے 3 تھیلے لے رہے ہیں۔