اسلام آباد: (دنیا نیوز) آڈیو کیس میں گرفتار پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی امین گنڈاپور کو ایک روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔
پولیس نے علی امین گنڈاپور کو ڈیوٹی مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا، دوران سماعت پراسیکیوٹر نے رہنما پی ٹی آئی کے 5 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔
عدالت نے ایک روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور کو کل انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
علی امین گنڈا پور کے خلاف اسلام آباد کے تھانہ گولڑہ میں دہشت گردی اور غداری کی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد پولیس نے علی امین گنڈا پور کو گزشتہ روز گرفتار کیا تھا۔
علی امین گنڈا پور نے دھمکی آمیز آڈیو جاری کی تھی، جس پر ان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا، آڈیو میں علی امین گنڈا پور نے دھمکی دی تھی کہ اگر عمران خان کو گرفتار کیا گیا تو اسلام آباد پر قبضہ کر لیا جائے گا، اسلام آباد کو ٹیک اوور کر لیا جائے گا
پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈا پور نے اسلام آباد پولیس کو بھی دھمکایا تھا۔