ملک میں آج مہنگائی اور مشکلات کی وجہ عمران خان ہیں: بلال اظہر کیانی

Published On 09 April,2023 12:23 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے معیشت و توانائی کے کوآرڈینیٹر بلال اظہر کیانی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ملک کو دیوالیہ کی نہج پرچھوڑ کر گئی، آج مہنگائی اور مشکلات کی وجہ عمران خان ہیں، ہم نے مشکل حالات میں پاکستان کو سنبھالا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلال اظہر کیانی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی والے معیشت سے متعلق پروپیگنڈا کر رہے ہیں اور عمران خان اور ان کی معاشی ٹیم معاشی تباہی کے ذمہ دار ہیں، عوام پی ٹی آئی دور میں کی گئی معاشی تباہی کو نہیں بھولی جبکہ ن لیگ کے گزشتہ دور میں امن وامان بحال ہوا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے معیشت کو کمزور کر دیا اور ان کے دور میں مہنگائی کی شرح بڑھی تھی، گھر دینے کا اعلان کر کے لوگوں کو بے گھر کیا گیا، کہتے تھے آئی ایم ایف نہیں جاؤنگا خودکشی کر لوں گا اور قرض کی بات کرنے والوں نے ریکارڈ قرض لیا۔

بلال کیانی کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن دور میں لئے قرضوں سے ترقیاتی کام ہوئے، پی ٹی آئی دور میں کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوا، ملک تباہ کرنے والے آج بھی ڈھٹائی سے بات کرتے ہیں، گزشتہ دور میں 2 کروڑ افراد غربت میں دھکیلے جبکہ پی ٹی آئی دور میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ بڑھا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ملک کو دیوالیہ کی نہج پر چھوڑ کر گئی آج مہنگائی اورمشکلات کی وجہ عمران خان ہیں اور پی ٹی آئی کے آئی ایم ایف معاہدے کا بوجھ عوام پر ڈالا گیا، 4 سال تباہی مچانے والے آج کس منہ سے بھاشن دے رہے ہیں، معیشت پر ایسے لیکچر دیتے ہیں جیسے ان کا کچھ لینا دینا نہیں تھا، عمران خان کی حکومت نے قرض میں 78 فیصد کا اضافہ کیا۔

وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے آئی ایم ایف سے کئے وعدے توڑے اور عمران خان کے دور میں چینی اور آٹے کا بحران پیدا ہوا ہم نے مشکل حالات میں پاکستان کو سنبھالا اور موجودہ حکومت نے دوست ممالک سے تعلقات بحال کئے۔