پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس، پی ٹی آئی کا شدید احتجاج، عدلیہ پر حملہ نامنظور کے نعرے

Published On 10 April,2023 05:42 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت جاری ہے، اجلاس میں وفاقی وزیر قانون نے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل پیش کیا۔

مشترکہ اجلاس شروع ہوتے ہوئے ہی تحریک انصاف اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے ارکان نے شدید احتجاج کرتے ہوئے سپیکر ڈائس کا گھیراؤ کر لیا اور ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ کر ہوا میں اچھال دیں۔

وفاقی وزیر قانون کی تقریر کے دوران تحریک انصاف کے سینیٹرز نے عدلیہ پر حملہ نامنظور، الیکشن کراؤ ملک بچاؤ اور امپورٹڈ حکومت نا منظور کے نعرے لگائے، سپیکر انہیں خاموش کرواتے رہے۔

اس سے قبل تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسجر بل کیخلاف بھرپور آواز اٹھانے اور پارلیمان کی عدلیہ پر یلغار کیخلاف احتجاج ریکارڈ کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔