خیبرپختونخوا انتخابات: پی ٹی آئی آج پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کرے گی

Published On 11 April,2023 08:52 am

پشاور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) خیبرپختونخوا میں انتخابات کے لئے آج پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کرے گی۔

اس سے قبل یہ درخواست سپریم کورٹ میں دائر کی گئی تھی تاہم گزشتہ روز رجسٹرار سپریم کورٹ نے کچھ اعتراضات کے ساتھ درخواست واپس کردی جس کے بعد تحریک انصاف نے پشاور ہائی کورٹ میں الیکشن پٹیشن دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ممتاز قانون دان بیرسٹر گوہر کی ثالثی سے اب یہ درخواست معمولی تبدیلیوں کے بعد آج پشاور ہائیکورٹ میں جمع کرائی جائے گی، درخواست خیبرپختونخوا اسمبلی کے سپیکر مشتاق احمد غنی اور تحریک انصاف کی مرکزی قیادت کی جانب سے دائر کی جائے گی۔

اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا کی صوبائی قیادت بھی وکلاء کے ہمراہ ہو گی۔

پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے ترجمان شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ انتخابات کا انعقاد آئینی تقاضا ہے، تاہم حکومت الیکشن سے بھاگ کر آئین کی سنگین خلاف ورزی کی مرتکب ہو رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم آئین کے تحفظ کے لئے ہر عدالت میں جائیں گے کیونکہ آئین کا تحفظ عدلیہ ہی کر سکتی ہے، انتخابات میں تاخیر سے ملک سنگین بحران کا شکار ہے، مہنگائی نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے۔