پشاور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے خیبرپختونخوا اسمبلی کے انتخابات ملتوی کرنے کے خلاف پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی۔
پشاورہائیکورٹ میں درخواست پی ٹی آئی رہنماء اور سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی مشتاق غنی کی جانب سے دائر کی گئی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ گورنرخیبرپختونخوا نے انتخابات کے لئے 8 اکتوبر کی تاریخ دی ہے، گورنر حاجی غلام علی نے 28 مئی کا اعلان کیا، الیکشن کمیشن نے نوٹیفائی نہیں کیا۔
درخواست میں مزید کہا گیا کہ اسمبلی تحلیل ہونے کے 90 دن کے اندر انتخابات کرانا لازمی ہے، گورنر کی جانب سے 8 اکتوبر کی تاریخ غیرقانونی وغیرآئینی ہے۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ 90 دن میں اگر انتخابات نہیں ہوسکتے تو کم سے کم وقت میں کرائے جائیں، گورنر خیبرپختونخوا کو فوری الیکشن کے لئے تاریخ دینے کا حکم دیا جائے۔
درخواست میں الیکشن کمیشن، وفاقی وصوبائی حکومت، گورنر خیبرپختونخوا اور صدر مملکت کو فریق بنایا گیا ہے۔
حکومت بہانے بنا کر الیکشن ملتوی کر رہی ہے: سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی
پشاور ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی مشتاق غنی نے کہا کہ ہم نے اپنی 2 اسمبلیاں ختم کیں، ہم الیکشن چاہتے ہیں، نالائق حکومت اس وقت اقتدار میں ہے، حکومت بہانے بنا کر الیکشن ملتوی کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم ہر فورم پر قانونی کارروائی کررہے ہیں، پنجاب سے متعلق فیصلے پر سپریم کورٹ کے شکر گزار ہیں، سپریم کورٹ نے فیصلہ کیا کہ ہم دوبارہ درخواست دائرکریں، آج ہم نے درخواست جمع کرا دی ہے۔
مشتاق غنی نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کی آج بھی کوئی آئینی حیثیت نہیں، نگراں حکومت کا کام صرف الیکشن کرانا ہے، حکومت میں سب جماعتوں نے اپنا کوٹہ رکھا ہوا ہے۔
سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی کا کہنا تھا کہ ہم نے نگراں وزیراعلیٰ کو سپورٹ کیا، آج ان کے قلم کی سیاہی بھی گورنرہاؤس سے آتی ہے، نگراں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا بے بس ہے، وزیراعلیٰ اپنی ساکھ خراب نہ کریں اور مستعفی ہوجائیں، ہم ان کے خلاف ریفرنس داخل کرنے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں شرکت کا فیصلہ کریں گے۔