وزیر خارجہ بلاول بھٹو سے مختلف ممالک کے نمائندوں کی ملاقاتیں

Published On 11 April,2023 07:15 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ بلاول بھٹو سے مختلف ممالک کے نمائندوں کی ملاقاتیں، دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے ملاقات کی، ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، وزیر خارجہ نے ملاقات میں سعودی قیادت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزیر خارجہ نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دینے پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سعودی عرب ایران سفارتی تعلقات کی بحالی خطے کے امن کے لیے انتہائی اہم ہے۔

پاکستان میں کینیڈا کی ہائی کمشنر لیزلی سکینلون نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی، ملاقات میں پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: صوابی سے اہم سیاسی شخصیت ساتھیوں سمیت پیپلز پارٹی میں شامل

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کینیڈا کے ساتھ تمام شعبوں میں اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان اور کینیڈا کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان سے افرادی قوت کینیڈا کو فراہم کرنے کے حوالے سے بھی امید کا اظہار کیا۔

دریں اثنا وزارت خارجہ کے مطابق بلاول بھٹو زرداری سے پاکستان میں ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی نے الوداعی ملاقات کی، اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں پاکستان اور ایران کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: آصف زرداری کا شہباز شریف کو اپوزیشن سے غیر مشروط مذاکرات کا مشورہ

بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ تمام شعبوں میں اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، ایران سعودی عرب سفارتی تعلقات کی بحالی خطے کے امن کیلیے انتہائی اہم ہے۔

وزیر خارجہ نے پاکستان میں تعیناتی کے دوران پاک ایران تعلقات کے حوالے سے سید محمد علی حسینی کی خدمات کو سراہا۔

Advertisement