عمران خان کی بغاوت کا مقدمہ خارج کرنے کی درخواست پر فریقین کو نوٹس

Published On 12 April,2023 01:05 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی بغاوت کا مقدمہ خارج کرنے کی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے مدعی مقدمہ کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامرفاروق نے تھانہ رمنا میں درج بغاوت کا مقدمہ خارج کرنے کی عمران خان کی درخواست پر سماعت کی۔

عمران خان کے وکیل فیصل چودھری نے موقف اپنایا کہ معاملہ لاہور میں ہوا، پرچہ اسلام آباد میں درج ہو جاتا ہے، واقعہ کہیں اور تو مقدمہ کہیں درج ہوتا ہے، آئندہ سماعت تک مقدمے پر کارروائی یا عمل درآمد روک دیں۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ نوٹس کردیا جواب آنے دیں پھر دیکھ لیں گے۔

عدالت نے مدعی مقدمہ اور پولیس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے مدعی مقدمہ علاقہ مجسٹریٹ کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا، بعدازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے سماعت غیرمعینہ مدت تک کے لئے ملتوی کردی۔