اسلام آباد ہائیکورٹ نے شاندانہ گلزار کیخلاف مقدمات کی تفصیلات طلب کرلیں

Published On 12 April,2023 11:29 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما شاندانہ گلزار کے خلاف مقدمات کی تفصیلات طلب کر لیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اخترکیانی نے شاندانہ گلزار کی مقدمات کی تفصیلات کی فراہمی سے متعلق درخواست پر سماعت کی۔

وکیل درخواست گزار شیر افضل مروت عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اپنایا کہ میری موکلہ کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج ہیں، ہمیں مقدمات کی تفصیلات فراہم کی جائیں تاکہ ہم قانون کے مطابق اس میں پیش ہوسکیں۔

عدالت نے پولیس اور ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے مقدمات کی تفصیلات طلب کرلیں۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے ہدایت کی کہ 19 اپریل تک درخواست گزار کے خلاف درج مقدمات اور زیر التوا انکوائریوں کی رپورٹ پیش کی جائے۔

واضح رہے کہ شاندانہ گلزار 2018 کے عام انتخابات میں کے پی سے خواتین کی مخصوص نشست پرایم این اے منتخب ہوئی تھیں، وہ وزارت تجارت میں نائب وزیر اور بطور پارلیمانی سیکرٹری کام کر چکی ہیں۔