لاہور: (دنیا نیوز) تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کی صدر ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کرپٹ ٹولے کو الیکشن سے بھاگنے نہیں دے گی۔
مختلف اضلاع سے آئے پارٹی رہنماؤں سے ملاقاتوں کے دوران گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے درباریوں کو رمضان میں جھوٹ بولتے ہوئے شرم آنی چاہیے، عطاء تارڑ شریف خاندان اور ان کی اولادوں کی کرپشن اور لوٹ مار کو چھپا نہیں سکتے۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے مزید کہا کہ نواز شریف کے حواری الیکشن سے جان چھڑانے کیلئے عدلیہ پر حملہ آور ہیں، عطاء تارڑ اشتہاری، مفرور ملزم نواز شریف کو وطن واپس لے کر آئیں، ملک پر مسلط ٹولے نے ایک سال میں ہی مہنگائی سے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔
تحریک انصاف کی سینئر رہنما نے کہا کہ پی ٹی آئی کرپٹ ٹولے کو الیکشن سے بھاگنے نہیں دے گی، پی ڈی ایم اور ان کے حواریوں کی حکومت نے ملکی معیشت کا بیڑا غرق کر کے رکھ دیا ہے، ایک سال میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں بڑی کمی واقع ہوئی ہے۔