عمران خان اور سراج الحق کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی

Published On 15 April,2023 11:18 pm

لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔

ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران سابق وزیر اعظم نے کہا ہے کہ حکومت کے ساتھ کسی بھی طرح کے مذاکرات میں شامل نہیں ہوں گا، انتخابات کے حوالے سے کوئی چیز واضح ہو تو اپنے نمائندے بھیج سکتا ہوں، سراج الحق نے گفتگو کرتے ہوئے کہا حکومت اور اپوزیشن میں اعتماد کا شدید فقدان ہے۔

سراج الحق نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صرف پنجاب میں انتخابات ہوئے تو اسمبلیاں اکٹھی مدت پوری نہیں کر پائیں گی، حکومت کا خیال ہے کہ اس سے طاقت کا توازن برقرار نہیں رہے گا، سیاست اور احتجاج جمہوری حق ہے لیکن آئین یہ کہتا ہے کہ انتخابات ہونے چاہئیں، 90 دن کی مدت میں پہلے ہی توسیع ہو چکی ہے۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مزید کہا کہ صدر مملکت اور سپریم کورٹ کی جانب سے تاریخیں 90 دن سے تجاوز کر چکی ہیں، کچھ قدم آپ آگے بڑھائیں اور دو قدم وزیر اعظم پیچھے ہٹیں تو بات آگے بڑھ سکتی ہے۔