لاہور: (دنیا نیوز) مرکزی صدر تحریک انصاف و سابق وزیر اعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ الیکشن کی تاریخ پر آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) کی باتیں ابھی صرف ہوائی ہیں۔
مرکزی صدر تحریک انصاف چودھری پرویز الٰہی سے سابق وفاقی وزیر چودھری وجاہت حسین، سابق ایم پی ایز چودھری شجاعت نواز اجنالہ، چودھری خالد اصغر گھرال ایڈووکیٹ نے ملاقات کی، ملاقات میں گجرات کی موجودہ سیاسی صورتحال سمیت آئندہ الیکشن کے حوالے سے لائحہ عمل مرتب کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: سٹیٹ بینک نے رقم نہ دی تو سمجھیں پاکستان میں آئین ختم ہو چکا ہے: عمران خان
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ گرفتاریاں اور مذاکرات ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے، حکومت کو جماعت اسلامی کی کانفرنس سے کوئی دلچسپی نہیں، وہ صرف عدلیہ کے فیصلے سے فرار چاہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی سے بہتر کوئی نہیں جانتا کہ نواز شریف، شہباز شریف قابل اعتماد نہیں، یہ وہی شہباز شریف ہیں، جنہوں نے واجپائی کی خوشنودی کیلئے قاضی حسین احمد پر پولیس حملہ کرا دیا تھا، مسلم لیگ ن نے جماعت اسلامی کے عمر رسیدہ کارکنوں پر بدترین پولیس تشدد کرایا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: اسٹیبلشمنٹ کی سیاستدانوں کے درمیان مذاکراتی کوششوں اور بیک ڈور رابطوں کی تردید
چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ شہبازشریف حکومت کی باغیانہ روش قومی سلامتی کیلئے خطرہ بن چکی ہے، اس خطرے سے فوری طور پر نہ نمٹا گیا تو ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے، راناثنااللہ کی کوئی اوقات نہیں، وہ نوازشریف اور شہبازشریف کے کہنے پر عدلیہ کو دھمکیاں دے رہے ہیں۔
سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ حکومت کے عدلیہ کے خلاف اعلان جنگ سے پوری دنیا میں پاکستان کی جگ ہنسائی ہو رہی ہے، شہباز شریف اور رانا ثنا اللہ ملک کو سرزمین بے آئین بنانا چاہتے ہیں۔
— Ch Parvez Elahi (@ChParvezElahi) April 17, 2023