اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی کابینہ نے پنجاب میں انتخابات کیلئے فنڈز کی فراہمی سے متعلق وزارت خزانہ کی جانب سے بھیجی گئی سمری پارلیمنٹ کو ریفر کر دی۔
وفاقی کابینہ نے قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کی پنجاب انتخابات کے حوالے سے رقم فراہم کرنے کی سفارشات کی روشنی میں تیار کی گئی سمری کی منظوری دیتے ہوئے پارلیمنٹ کو بھیج دی۔
یہ بھی پڑھیں: قائمہ کمیٹی خزانہ: الیکشن فنڈز کا معاملہ کابینہ اور قومی اسمبلی میں بھجوانے کا فیصلہ
وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں خواجہ آصف، رانا تنویر، ایاز صادق، امیر مقام، مرتضٰی جاوید عباسی، رانا ثنااللہ، مصدق ملک، اسعد محمود، شاہ زین بگٹی، ریاض پیرزادہ اور حنا ربانی کھر سمیت دیگر اراکین شریک ہوئے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں سپریم کورٹ کے فنڈز سے متعلق فیصلے پر غور کیا گیا، شرکاء کو وزارت خزانہ، وزارت قانون اور اسٹیٹ بینک حکام نے بریفنگ دی، جس کے بعد کابینہ نے پنجاب میں انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کو فنڈز کی فراہمی کی سمری منظور کرلی۔
اجلاس میں وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا نے قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ قائمہ کمیٹی نے معاملہ کابینہ اور قومی اسمبلی کے سپرد کیا ہے، قائمہ کمیٹی نے قرار دیا ہے کہ سٹیٹ بینک کو براہ راست اخراجات کا کوئی اختیار حاصل نہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم قومی اسمبلی اجلاس میں لیگی اراکین کی عدم موجودگی پر برہم، وضاحت طلب
کابینہ کے اجلاس میں مرحوم وفاقی وزیر مفتی عبدالشکور کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے ایصال ثواب کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی، وزیر اعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مولانا عبدالشکور کا دین سے بڑا گہرا تعلق تھا، وہ نیک انسان تھے اور کھری اور سچی بات کرتے تھے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ معاشی مشکلات کے باعث کابینہ نے سادگی کی پالیسی کو اپنایا، مفتی عبدالشکور کی شخصیت سادگی کا عملی نمونہ تھی۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے پنجاب میں انتخابات سے متعلق کیس میں سٹیٹ بینک آف پاکستان کو حکم دیا تھا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کو 21 ارب روپے جاری کئے جائیں۔