وفاقی کابینہ کی رجسٹرار سپریم کورٹ کو عہدے سے ہٹانے کی منظوری

Published On 03 April,2023 09:48 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس میں رجسٹرار سپریم کورٹ عشرت علی کی خدمت واپس لینے کی منظوری دے دی۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس تقریباً ایک گھنٹہ جاری رہا، اجلاس میں سیکرٹریز اورسرکاری افسران شریک نہیں تھے، اس موقع پر رجسٹرار سپریم کورٹ کے سرکلر پر جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خط کے معاملے سمیت دیگر امور پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں وفاقی وزیر قانون وانصاف اعظم نذیر تارڑ کی بریفنگ کے بعد وفاقی کابینہ کے اراکین نے سپریم کورٹ کے متوقع فیصلے کے تناظر میں اپنی اپنی رائے دی، کابینہ ارکان نے جسٹس فائز عیسیٰ خط پر عمل درآمد یقینی بنانے کی بھی تجویز دی۔

یہ بھی پڑھیں: رجسٹرار کا سرکلر سپریم کورٹ فیصلے کی خلاف ورزی ہے: جسٹس قاضی فائز عیسیٰ

وفاقی کابینہ نے ریکوڈک تنازعہ تصفیہ کے تحت 71ارب روپے فنڈز کی منظوری دے دی، ریکوڈک منصوبے کی فنڈنگ حکومت بلوچستان کے حصے کیلئے کی جائے گی، وفاقی کابینہ سے سرکولیشن کے ذریعے سمری کی منظوری لے لی گئی۔

ریکوڈک کیلئے مختصر مدتی مالی سہولت کے تحت65ارب روپے کا انتظام کیا جائے گا، سود کی ادائیگی کیلئے 6 ارب24 کروڑ روپے کا بندوبست کیا جائے گا، فنڈز کا انتظام 31 مارچ سے 30 دسمبر 2023 کے عرصے کیلئے کیا جائے گا۔
 

Advertisement