لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کا خاتمہ ہمارا قومی ایجنڈا ہے، قوم وطن پر قربان ہونے والے مجاہدوں کو سلام پیش کرتی ہے۔
شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع کیچ میں دہشتگردوں کے حملے میں 4 سکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر رنج وغم اور افسوس کا اظہار کیا، وزیراعظم نے نائیک شیر احمد، لانس نائیک محمد اصغر، سپاہی محمد عرفان اور سپاہی عبدالرشید کو خراج عقیدت پیش کیا۔
وزیراعظم نے شہدا کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی اور تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ قوم کے بیٹے ارض پاک کے دفاع، سلامتی اور تحفظ کے لئے قیمتی جانوں کے نذرانے دے رہے ہیں، قوم وطن پر قربان ہونے والے مجاہدوں کو سلام پیش کرتی ہے، دہشت گردی کا خاتمہ ہمارا قومی ایجنڈا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی مدد سے دہشت گردوں کا خاتمہ کر کے دم لیں گے، وزیراعظم نے شہدا کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔
وزیر داخلہ کی مذمت
وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان نے پاک ایران سرحد پر سکیورٹی فورسز پر حملے کی شدید مذمت کی، وزیرداخلہ نے حملے میں شہید 4 سکیورٹی اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا اور شہداء کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔
انہوں نے کہا کہ وطن کے بیٹے اپنی سرزمین کی حفاظت کیلئے جانیں نچھاور کر رہے ہیں، پوری قوم انہیں سلام پیش کرتی ہے، وزیر داخلہ نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں متحد ہے، انشااللہ اس ناسور کا خاتمہ کر کے دم لیں گے۔