اسلام آباد: (دنیا نیوز) جسٹس فائز عیسیٰ کیس میں کیوریٹیو ریویو ریفرنس اور دیگر درخواستیں واپس لینے کی ایڈوائس وزیر اعظم شہباز شریف نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو بھجوا دی ہے۔
وزیر اعظم نے صدر کو بھجوائی جانے والی ایڈوائس پر افطاری سے پہلے دستخط کئے، آئین کے آرٹیکل 48 (1) اور وفاقی کابینہ کے فیصلے کے مطابق صدر کو بھیجی گئی ایڈوائس میں لکھا گیا ہے کہ وہ کیوریٹیو ریویو ریفرنس اور نظرثانی کی متفرق سول اپیلیں واپس لیں۔
متن میں کہا گیا ہے پی ٹی آئی حکومت نے سپریم کورٹ کے 26 اپریل 2021 کے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیس میں فیصلے کے خلاف کیوریٹیو ریویو اور نظرثانی کی متفرق سول درخواستیں دائر کی تھیں قاضی فائز عیسیٰ بنام صدر پاکستان و دیگر کے عنوان سے 9 سول متفرق درخواست دائر ہوئیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کا جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیخلاف کیوریٹیو ریویو ریفرنس واپس لینے کا حکم
2020 میں دائر ان سول متفرق درخواستوں میں 296، 297، 298، 299، 300، 301، 308، 309 اور 409 شامل ہیں، وزیراعظم شہباز شریف نے کیوریٹیو ریویو ریفرنس اور متفرق سول درخواستیں واپس لینے کی ایڈوائس پر صدر مملکت کو دستخط کرنے کا کہا ہے۔
ایڈوائس میں مزید کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے وکیل انیس محمد شہزاد کو کیوریٹیو ریویو ریفرنس واپس لینے کی اجازت دے دی گئی ہے، اس حوالے سے وزیراعظم نے وکیل انیس محمد شہزاد کو کیوریٹیو ریویو ریفرنس واپس لینے کے پروانے پر بھی دستخط کر دئیے ہیں۔