اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی خواتین پارلیمنٹیرینز کے 18 رکنی وفد نے ملاقات کی جس میں وزیراعظم نے ان کے پارلیمنٹ میں فعال کردار کو سراہا۔
وزیراعظم نے کہا کہ خواتین پاکستان کی آبادی کا 51 فیصد ہیں، قانون سازی میں خواتین کی شمولیت انتہائی اہمیت کی حامل ہے، حکومت ہر شعبے میں خواتین کی شمولیت کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے۔
— PMLN (@pmln_org) March 29, 2023
انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان تمام اداروں کے درمیان توازن کا ضامن ہے، پارلیمنٹ کو انتظامی امور میں بہتری کیلئے قانون سازی کا اختیار حاصل ہے، پنجاب میں اپنی دور حکومت میں خواتین کو با اختیار بنانے کیلئے بہت سے اقدامات کیے، ان میں خواتین کے حقوق کے حوالے سے قانون سازی بھی شامل تھی۔