اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے لائرز ویلفیئر اینڈ پروٹیکشن بل 2023 کی منظوری پر ملک بھر کی وکلا برادری کو مبارک دی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ وکلا برادری سے کیا ہوا وعدہ پورا کر دیا ہے، ایک ماہ قبل وکلا نے مجھ سے ملاقات کی تھی اور میں نے ان سے یہ قانون جلد منظور کرانے کا وعدہ کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل اعلیٰ عدلیہ کو مضبوط کرے گا، شہباز شریف
انہوں نے کہا کہ وکلا نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے ہیں، ان کا تحفظ اور فلاح و بہبود ہماری اولین ترجیح ہے، پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے ارکان قابل تعریف ہیں جنہوں نے ایک نئی تاریخ لکھی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ سب کے حقوق کے لئے لڑنے والے وکلا کے اپنے حقوق کے حوالے سے وہ پیش رفت نہیں ہوئی جو ہونی چاہیے تھی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کا جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیخلاف کیوریٹیو ریویو ریفرنس واپس لینے کا حکم
انہوں نے کہا کہ قانون کی منظوری سے نہ صرف وکلا کو بہتر ماحول فراہم ہوگا بلکہ وہ قانونی تحفظ میں اور بھی بہتر خدمات انجام دے پائیں گے وکلاء برادری کی مزید بہتری کے لئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے