اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے مزید دو ارب ڈالر دیئے ہیں، متحدہ عرب امارات نے بھی ایک ارب ڈالر دیا ہے، یہ بھی آئی ایم ایف کی ایک شرط تھی جو پوری ہو گئی۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ مولانا عبدالشکور کی وفات پر ہم سب رنجیدہ ہیں، مولانا عبدالشکور سے پہلی ملاقات 2018میں ہوئی، وہ ایک جید عالم تھے، مولانا عبدالشکور نہایت سادہ زندگی گزار رہے تھے، گزشتہ حکومت میں حج کے دوران بدنظمی ہوتی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی حکومت نے پلوامہ واقعے کو سیاسی فائدے کیلئے استعمال کیا: وزیر اعظم
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ اس بار حج کیلئے بہترین انتظامات کیے گئے جس کا سہرا مولانا عبدالشکور کو جاتا ہے، گزشتہ حکومت میں حج کے حوالے سے مجھے بھی شکایات آتی تھیں، سب کوعلم ہے پاکستان اس وقت بہت بڑے معاشی چیلنج سے گزر رہا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ مفتی عبدالشکور اور وزیر خزانہ نے فارن ایکسچینج کا معاملہ کابینہ میں رکھا تھا، اس دفعہ حج کیلئے ہمیں فارن ایکسچینج کی ضرورت تھی، پاکستان کا ایک عظیم مفتی ہم سے جدا ہو گیا، مولانا عبدالشکور جے یو آئی (ف) کے ماتھے کا جھومر تھے۔