لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے لاہور میں زیر تعمیر برج سائٹ کا تعمیراتی کام ایک ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے زیر تعمیر لاہور برج سائٹ کا دورہ کیا، ایل ڈی اے حکام اور دیگر افسران نے وزیراعظم کو بریفنگ دی، اس موقع پر نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب محسن نقوی، چیف سیکرٹری سمیت دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔
وزیرِ اعظم نے متعلقہ حکام کو پراجیکٹ کو اڑھائی کے بجائے ایک ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔
وزیر اعظم شہباز شریف کا لاہور میں زیر تعمیر لاہور برج اور سی بی ڈی انڈر پاس کا اچانک دورہ۔ pic.twitter.com/0MHsmsz7WZ
— PMLN (@pmln_org) April 16, 2023
چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار سعید نے وزیرِ اعظم کو منصوبے پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اوور ہیڈ برج کی لمبائی 540 میٹر اور چوڑائی 11.1 میٹر ہے، ایل ڈی اے کے اس منصوبے کا تخمینہ 1712 ملین ہے۔
وزیرِ اعظم نے سی بی ڈی منصوبے پر تھرڈ پارٹی تبدیل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ منصوبے کی جلد تکمیل سے لوگوں کو سہولت میسر آئے گی۔
شہباز شریف نے منصوبے پر 24 گھنٹے کام کر کے دو ہفتے میں مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ساری مشینیں لگائیں اور کام جلد مکمل کریں، مجھے اڑھائی ماہ کا ٹائم نہ بتائیں، عید کی چھٹیوں کے دوران مزدوروں کو 3 گنا اجرت دیں تو وہ خوشی سے کام کریں گے۔