اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف کا ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے ساتھ ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے جس میں وزیراعظم پاکستان نے ایران اور سعودی عرب کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی پر مبارکباد پیش کی۔
جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم نے پولان گبد ٹرانسمیشن لائن کے فعال ہونے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ایران کے ساتھ دو طرفہ تجارت، علاقائی سلامتی اور استحکام کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا.
وزیر اعظم نے ایرانی حکومت کے پاکستان کے ساتھ تعاون کو سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی، تعلیمی اور عوامی رابطے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے عالمی قوانین کے مطابق اسرائیل، فلسطین تنازع کے منصفانہ حل کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ مقبوضہ فلسطین میں اسرائیل کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں فوری طور پر بند ہونی چاہئیں۔
مزید برآں دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے تمام امور پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔