سکھر : ( دنیا نیوز ) صوبائی وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ ملک اس وقت بہت برے حالات میں ہے، اپنی ذاتی انا کو چھوڑ کر سب کو ملکی مفاد کے لئے کھڑا ہونا چاہیے۔
سکھر میں 40 کروڑ کی لاگت سے تیار ہونے والی کیٹل کالونی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلزپارٹی ( پی پی پی ) ہمیشہ ڈائیلاگ کے لئے تیار ہوتی ہے مگر سابق وزیر اعظم عمران خان راضی نہیں ہیں۔
ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ہمیں اپنی اعلیٰ عدالتوں پر اعتماد ہے ، عدالتوں میں آپ نے ہم نے دیکھا ہے کہ ہاتھ میں ترازو اور آنکھوں پر پٹی ہوتی ہے تاکہ فیصلے حق کے ہوں ، چیف جسٹس آف پاکستان کو لارجر بینچ بنانا چاہیے اس سے سپریم عدالت اور ججز کا اعتماد مزید بڑھے گا۔
انہوں نے کہا کہ جو پارلیمنٹ کا کام ہے پارلیمنٹ کو کرنا چاہیے اور جو عدالتوں کا کام ہے وہ عدالتوں کو کرنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی امین گنڈاپور سکھر جیل میں ہیں، ان کے ساتھ کوئی ناروا سلوک نہیں کیا جا رہا ۔