اسلام آباد: (دنیانیوز) ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہےکہ کلبھوشن کی گرفتاری بھارت کی پاکستان میں دہشتگردی کا ثبوت ہے لہٰذا بھارتی وزیر خارجہ کے حالیہ ریمارکس غیر ضروری اور بے بنیاد ہیں۔
اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ پاکستان دہشتگردی سے متاثرہ ملک رہا ہے، ہمارے پاس بھارت کی طرف سے پاکستان میں دہشتگردی میں ملوث ہونےکے ثبوت ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ روس اور یوکرین کے درمیان تنازع پر پاکستان غیر جانبدار پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے، ہم نے اس دوران کسی فریق کو اسلحہ فراہم نہیں کیا، اس تنازع سے قبل یوکرین سے قریبی دفاعی تعلقات رہے ہیں ۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارتی مقبوضہ کشمیر میں مظالم کا سلسلہ جاری ہے، سید شکیل یوسف اور سید شاہد یوسف نامی کشمیریوں کی پراپرٹیز قبضہ کر لی گئی ہیں ، دونوں کشمیری پہلے ہی بھارت کی تحویل میں ہیں۔پاکستان دہشت گردی کا متاثرہ ملک رہا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف 6 مئی کو برطانوی بادشاہ چارلس کی تاج پوشی کے لیے برطانیہ جائیں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کاکہنا ہے کہ ہندوستان کی میزبانی میں شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے دفاع کا اجلاس معاون خصوصی برائے دفاع ملک احمد خان نے اجلاس میں ویڈیو لنک پر پاکستان کی نمائندگی کی ، معاون خصوصی ملک احمد خان نے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کی جگہ اجلاس میں شرکت کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اجلاس میں شرکت شنگھائی تعاون تنظیم چارٹر کی توثیق کے عزم کا اظہار ہے، پاکستان کی شرکت، علاقائی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کی تجدید ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ آج صبح 149 پاکستانیوں کو سوڈان سے لے کر طیارہ اسلام آباد پہنچا، دو مزید طیارے 200 پاکستانیوں کو لے کرآج سوڈان سے پہنچیں گے، سوڈان سےجدہ پہنچنے والے پاکستانیوں کو بھی پاکستان لایا جارہا ہے۔