اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے الزام تراشی کرنے پر مریم نواز کو قانونی نوٹس بھجوا دیا۔
سابق وزیر اعظم کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے مریم نواز کے خلاف باضابطہ قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا، اس حوالے سے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کو قانونی نوٹس فیصل فرید ایڈووکیٹ کی وساطت سے بھجوایا گیا ہے جس میں مریم نواز سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ 7 روز میں بشریٰ بی بی سے غیر مشروط معافی مانگیں۔
یہ بھی پڑھیں: جنرل (ر) باجوہ نے کئی بریفنگز میں کہا ٹینکوں میں تیل نہیں ہے: عمران خان
مریم نواز کے الزامات پر مبنی تقریر کا متن بھی نوٹس کا حصہ بنایا گیا ہے، نوٹس میں تنبیہ کی گئی ہے کہ مسلم لیگ ن کی رہنما نے یکم مئی کو لاہور میں ایک تقریر میں بشریٰ بی بی کے خلاف جھوٹی اور بے بنیاد الزام تراشی کی، اس بیان کو واپس نہ لینے پر ان کو ضابطہ فوجداری اور ہتکِ عزت سمیت متعلقہ قوانین کے تحت کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔
نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی مکمل طور گھر کی دہلیز تک محدود اور باپردہ خاتون ہیں، مریم نواز جان بوجھ کر بشریٰ بی بی اور ان کے اہل خانہ کو بدنام کرنے کیلئے بدنیتی پر مبنی مہم چلا رہی ہیں، غلط بیانی، ہرزہ سرائی اور سیاسی مقاصد کیلئے الزام و دشنام کی منظم مہم پر ضابطہ فوجداری کے تحت 5 سال تک کی سزا ہوسکتی ہے۔