اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان بار کونسل اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے درمیان اختلافات کا معاملہ سپریم کورٹ پہنچ گیا۔
سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر اور سیکرٹری نے پاکستان بار کونسل کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا، صدر سپریم کورٹ بار عابد زبیری اور سیکرٹری مقتدر اختر شبیر نے پاکستان بار کے شوکاز نوٹس کے خلاف درخواست دائر کی، پاکستان بار نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر صدر سپریم کورٹ بار عابد زبیری اور سیکریٹری کو شوکاز نوٹس جاری کیا تھا۔
سپریم کورٹ بار نے درخواست ایڈووکیٹ حامد خان کی وساطت سے دائر کی جس میں موقف اپنایا گیا ہے کہ وفاقی وزیر قانون پاکستان بار کونسل کے ممبر ہیں، پاکستان بار کونسل کا جھکاؤ حکومت کی جانب ہے، عابد زبیری اور دیگر کو شوکاز نوٹس سیاسی بنیادوں پر جاری کیا گیا، شوکاز نوٹس غیر قانونی، دائرہ اختیار سے تجاوز اور آرٹیکل 9 کے خلاف ہے۔
سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے عدالت سے استدعا کی کہ پاکستان بار کا شوکاز نوٹس کالعدم قرار دیا جائے اور عدالت پاکستان بار کونسل کو سپریم کورٹ بار کے معاملات میں دخل اندازی سے بھی روکے، درخواست میں پاکستان بار کونسل اور ایگزیکٹو کمیٹی کو فریق بنایا گیا ہے۔