اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف نے حکومت کے ساتھ مذاکرات کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی۔
ملک میں انتخابات ایک ساتھ کرانے کی درخواست پر سپریم کورٹ میں جاری کیس کی پیروی کرتے ہوئے تحریک انصاف نے رپورٹ جمع کروائی، مذاکرات میں کب کیا ہوا ؟ متفرق درخواست کے ذریعے سپریم کورٹ کو آگاہ کر دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: مذاکرات کا تیسرا دور ختم، دو پوائنٹس پر اتفاق، الیکشن کی تاریخ طے نہ ہو سکی
درخواست میں عدالت کو بتایا گیا کہ حکومت کیساتھ مذاکرات کے تین ادوار ہوئے، تحریک انصاف نے مذاکرات میں ہر ممکن حد تک لچک دکھائی، درخواست میں گزشتہ رات ہونے والی پیشرفت کی تفصیلات بھی شامل ہیں، تحریک انصاف نے 14 مئی کو انتخابات کرانے کے فیصلے پر عمل درآمد کی استدعا کر دی۔
درخواست میں عدالت کو بتایا گیا کہ تحریک انصاف نے 14 مئی سے پہلے اسمبلیاں تحلیل کرنے اور جولائی کے دوسرے ہفتے عام انتخابات کرانے کی تجویز دی، حکومت 30 جولائی کو اسمبلیاں تحلیل کرنے پر بضد ہے، حکومت چاہتی ہے انتخابات اکتوبر میں ہوں۔