لندن: (دنیا نیوز) وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے سکاٹ لینڈ کے فرسٹ منسٹر حمزہ یوسف نے لندن میں ملاقات کی، وزیراعظم نے حمزہ یوسف کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور سکاٹ لینڈ کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، آبی وسائل، متبادل توانائی، تعلیم، ہنر، قابل تجدید ذرائع میں مشترکہ منصوبوں کو فروغ دینے کیلئے باہمی تعاون اور دو طرفہ تاریخی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے پر اتفاق کیا۔
ملاقات کے دوران پاکستان میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے سکاٹ لینڈ میں موجود پاکستانی تاجروں کے اہم کردار پر بھی بات ہوئی، اس موقع پر موسمیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے باہمی تعاون پر اتفاق کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان سر سے پاؤں تک جھوٹا، مکار آدمی ہے: وزیر اعظم شہباز شریف
سکاٹ لینڈ میں سرمایہ کاری کانفرنس منعقد کرنے اور پاکستان کی قابل تجدید توانائی کی صلاحیت کو دکھانے کیلئے الگ سے روڈ شو کا اہتمام کرنے کی تجویز بھی زیر غور آئی، وزیر اعظم نے پچھلے سال تباہ کن سیلاب کے دوران فراخ دلانہ تعاون اور امداد پر سکاٹش حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حمزہ یوسف کے انتخاب سے اسکاٹ لینڈ اور برطانیہ میں برٹش پاکستانی کمیونٹی کا اہم اور مثبت کردار اجاگر ہوا، وزیر اعظم نے حمزہ یوسف کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول بھی کر لیا۔