راولپنڈی : (دنیانیوز) آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں ایف سی کمپاؤنڈ مسلم باغ میں کلیئرنس آپریشن مکمل کرلیا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کمپاؤنڈ میں موجود تمام 6 دہشت گرد مارے گئے ہیں جبکہ اس دوران ایک شہری سمیت 7 جوان شہید اور ایک خاتون سمیت 6 افراد زخمی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کلیئرنس آپریشن کے دوران یرغمال بنائے جانے والی 3 فیملیز کو بھی ریسکیو کیا گیا ہے ، کلیئرنس آپریشن گزشتہ شام دہشت گردوں کے ابتدائی حملے کو پسپا کرنے کے بعد شروع ہوا تھا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پیچیدہ کلیئرنس آپریشن میں یرغمالیوں کو بچانا شامل تھا، دہشت گردوں نے اپنے خوفناک حملے سے بچوں کو بھی نہیں بخشا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے روابط کا پتا چلانےکے لیے ضروری انٹیلی جنس فالو اپ جاری ہے، دہشت گردوں کے سہولت کاروں اور سپانسرز کو گرفتار کیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی میں حائل رکاوٹ کو ناکام بنانے کے لیے پُرعزم ہیں۔