لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب میں احتجاج کے دوران سرکاری و نجی اداروں پر حملوں، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث گرفتار شر پسندوں کی تعداد 3368 تک پہنچ گئی، مظاہرین نے پولیس سٹیشنز اور دفاتر سمیت 22 سرکاری عمارتوں کو شدید نقصان پہنچایا۔
ترجمان پنجاب پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کی کوشش کے دوران پنجاب بھر میں 162سے زائد پولیس افسران و اہلکار زخمی ہوئے، لاہور میں 63، فیصل آباد 26، گوجرانوالہ 13، راولپنڈی 29، اٹک 10، سیالکوٹ 5 اور میانوالی میں 6 پولیس افسران و اہلکار زخمی ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: وفاقی کابینہ نے بلوچستان میں فوج اور پنجاب میں رینجرز تعینات کرنے کی منظوری دے دی
پنجاب پولیس کے مطابق احتجاج کے دوران پولیس کی 94 جبکہ 8 نجی گاڑیوں کو نقصان پہنچایا گیا، لاہور میں 27، راولپنڈی 19، فیصل آباد 21، میانوالی 9، ملتان 4، سیالکوٹ 5، گوجرانوالہ 3، اٹک، جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 1، 1 پولیس گاڑی کو نقصان پہنچایا گیا، اس کے علاوہ پولیس کانسٹیبلری کی 3 گاڑیاں بھی متاثر ہوئیں۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرتشدد واقعات میں ملوث ملزمان کی نشاندہی اور گرفتاری کا سلسلہ جاری ہے، ریاست کی رٹ چیلنج کرنے والے شر پسند عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔