لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم حکومت فوج اور عوام میں جنگ کروانا چاہتی ہے، موجودہ حالات کا واحد حل الیکشن ہیں۔
ایک بیان میں تحریک انصاف کے صدر چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ عمران خان نے کبھی فوج اور عوام میں فاصلہ پیدا کرنے کی کوشش نہیں کی، انہوں نے ہمیشہ فوج کو ملکی سلامتی کیلئے ناگزیر قرار دیا ہے، حکومت نے جان بوجھ کر سرکاری اور فوجی تنصیبات کو بچانے کی کوشش نہیں کی، کور کمانڈر ہاؤس پر حملے کے وقت آئی جی پنجاب اور پولیس کہاں تھے، یہ سب تماشا دیکھ رہے تھے۔
چودھری پرویز الہٰی نے مزید کہا ہے کہ جلاؤ گھیراؤ کے اصل قصور وار حکمران ہیں سزا تو ان کو ملنی چاہیے، 9 مئی کے واقعات کی صاف اور شفاف انکوائری ہوئی تو ان میں حکومت کا خفیہ ہاتھ بے نقاب ہو جائے گا، عمران خان عوام کو ٹھنڈا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور شہباز شریف بدستور آگ بھڑکانے میں لگے ہوئے ہیں، پاکستان کی سلامتی کیلئے شہبازشریف سے فوری نجات ناگزیر ہو چکی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جلاؤ گھیراؤ کرنے والوں کو پرامن مظاہرین کی صفوں میں داخل کیا گیا، عمران خان
انہوں نے مزید کہا ہے کہ بار بار کہا ہے پھر کہہ رہا ہوں کہ شہباز شریف اور پاکستان ایک ساتھ نہیں چل سکتے، نواز شریف کی خوشنودی کیلئے مولانا فضل الرحمان اپنے اکابر کی روایات تک کو فراموش کر چکے ہیں، مولانا فضل الرحمان اور مریم نواز سپریم کورٹ پر حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کر کے آئے تھے، چیف جسٹس کی دانشمندی نے حکومتی منصوبہ ناکام بنا دیا۔
سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ فضل الرحمان اور مریم نواز پر توہین عدالت لگائی جائے، حکومت کے پیدا کردہ سیاسی اور آئینی بحران میں سپریم کورٹ ہی قوم کی آخری امید ہے، پی ڈی ایم حکومت گن پوائنٹ پر سپریم کورٹ سے اپنے حق میں فیصلہ لینا چاہتی ہے جو اس کی پرانی عادت ہے، عدالت عظمیٰ کے سامنے مسلح جتھوں کو جمع کر کے حکومت نے اپنا گھناؤنا چہرہ بے نقاب کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا پی ڈی ایم بلیک میلنگ کے حربوں سے سپریم کورٹ کو آئین کی پاسداری سے نہیں روک سکتی، آئین کی حفاظت کیلئے پوری قوم چیف جسٹس اور سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑی ہے، قومی اسمبلی میں ماما جی کی عدالت لگانے کا کوئی فائدہ نہیں، قومی اسمبلی میں نہ تو اپوزیشن ہے اور نہ ہی ممبران پورے ہیں، پنجاب میں بروقت الیکشن ہو جاتے تو حالات موجودہ خطرناک حد تک نہ پہنچتے۔