کراچی : (دنیانیوز) متحدہ عرب امارات کی حکومت کی جانب سے کراچی میں ایشیاء کے سب سے بڑے ویزا سینٹر کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔
اماراتی قونصل جنرل کراچی بخیت عتیق الرومیتی کی کاوشیں قومی سطح پر سراہی جانے لگیں ، سابق وزیرِاعظم پاکستان و رہنما پاکستان پیپلز پارٹی یوسف رضا گیلانی نے یو اے ای ویزا سینٹر کا خصوصی دورہ کیا اور اماراتی حکومت کی جانب سے پاکستانیوں کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا۔
یوسف رضا گیلانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت لاکھوں پاکستانی نہ صرف یو اے ای میں روزگار حاصل کر رہے ہیں بلکہ بھاری زرِ مبادلہ بھی پاکستان بھیجتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کو جاب ویزوں سمیت دیگر سہولتیں فراہم کرنے پر پوری قوم کی جانب سے اماراتی حکومت کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
سابق وزیراعظم کا کہناتھا کہ امید کرتا ہوں کہ عزت مآب بانی یو اے ای کی پاکستانیوں سے محبت ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھتی رہے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ قونصل جنرل کراچی ایک بہترین سفارت کار ہونے کے ساتھ ساتھ پاکستان سے حقیقی محبت بھی رکھتے ہیں، پوری پاکستانی قوم اپنے برادر ملک یو اے ای اور اس کے عوام سے بے پناہ محبت کرتی ہے۔
اس موقع پر اماراتی قونصل جنرل کراچی بخیت عتیق الرومیتی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اماراتی حکومت اور عوام ہر وقت پاکستانی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔