سیاست کے لبادے میں ملک دشمنی کرنیوالوں کا بندوبست کیا جارہاہے : مریم اورنگزیب

Published On 18 May,2023 02:33 pm

اسلام آباد: (دنیانیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کی فسطائیت ، ملک دشمنی اور ملک پر حملہ آور ہونے کا بندوبست کیا جا رہا ہے، بندوبست ہو رہا ہے کہ آئندہ سیاست کے لبادے میں کوئی ملک دشمنی نہ کرے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سابق وزیراعظم عمران خان کے بیان پر اپنے ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت ایسا بندوبست کررہی ہے کہ آئندہ کوئی ریاست پر حملہ آور نہ ہو سکے، آئندہ شہدا اور غازیوں کی یادگاروں کی کوئی بے حرمتی نہ کر سکے ۔

انہوں نےکہا کہ عمران خان نے لوگوں کی بیٹیوں کے گھروں پر حملے کرائے ، بیٹیوں کو والدین کے سامنے گرفتار کیا ،‏لوگوں کی بہنوں کو گھسیٹا اس کے باوجود کوئی عمران خان کی طرح ملک پر حملہ آور نہیں ہوا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے سیاست کا لبادہ اوڑھ کرملک اور عوام کو سزا دی ، ملکی معیشت کو چھوڑا نہ عوام کے روزگار کو چھوڑا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ ‏ بندوبست ہو رہا ہے تاکہ پاکستان کی تاریخ میں آئندہ کوئی یہ کوشش اور ملک دشمنی کی جرات نہ کر سکے۔
 

Advertisement