اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری پر پُرتشدد احتجاج اور توڑپھوڑ کے مقدمات میں سیشن کورٹ اسلام آباد نے سابق سپیکر اسد قیصر اور انور تاج کی 29 مئی تک عبوری ضمانت قبل از گرفتاری منظور کر لی۔
اسلام آباد کی سیشن کورٹ میں سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور انور تاج کی عبوری ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا نے سماعت کی۔
سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور انور تاج اپنے وکیل شیرافضل مروت کے ہمراہ پیش ہوئے۔
وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ سے منگل تک حفاظتی ضمانت ہے لیکن کل عمران خان کا کیس ہے، اس لئے آج پیش ہوگئے ہیں۔
جج نے ریمارکس دیئے کہ جب عدالت کے سامنے سرنڈر کر دیا ہے تو کوئی ایشو نہیں، عدالت نے دونوں پی ٹی آئی رہنماؤں کی 29 مئی تک ضمانت منظور کرتے ہوئے 10، 10 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔
مقامی عدالت نے اسد قیصر اور انور تاج کو شاملِ تفتیش ہونے کا حکم بھی دیا۔